سوات کے علاقے مینگورہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے باعث موسم سرد ہو گیا، جبکہ سردی کی شدت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ بارش کا سلسلہ 14 نومبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب مانسہرہ شہر اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ وادی کاغان، ناران، بیسر، بابوسر ٹاپ، جھیل سیف الملوک اور جھیل لولوسر کے اطراف شدید برفباری ہوئی۔
بارش اور برفباری کے باعث مانسہرہ میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، جبکہ برفباری کے باعث ناران سے بابوسر ٹاپ جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

