نیویارک: امریکا کی ریاست نیویارک کے علاقے بروکلین میں تین منزلہ عمارت گر گئی، واقعے میں دو افراد ہلاک جبکہ 4 کنسٹرکشن ورکر زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ واقعہ بروکلین کے جنوبی علاقے فلیٹ بُش میں ہوا۔
واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دو افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب نیویارک کے مصروف ترین علاقے مڈ ٹاؤن مین ہٹن میں ایک بلند و بالا عمارت کے گرنے کے شدید خطرے کے پیشِ نظر اسرائیلی قونصل خانے اور ایک اسکول سمیت آس پاس کی کئی عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 1970 کی دہائی میں تعمیر ہونے والی اس کمرشل عمارت کو ان دنوں پرتعیش رہائشی اپارٹمنٹس میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس کے دوران بلڈنگ کے ڈھانچے کے کئی حصے کمزور ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
مڈ ٹاؤن مین ہٹن کی اس فلک بوس عمارت کے ستونوں میں اچانک خم پیدا ہو گیا ہے اور اس کی اینٹیں گرنا شروع ہو گئی ہیں۔عمارت کا ایک بڑا بیم گرنے کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کو جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

