گمبٹ کے علاقے دربوں کچ حملے میں شہید ہونے والے خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، کمشنر کوہاٹ ڈویژن اور پاک فوج کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے دستوں نے شہداء کو سلامی پیش کی، جس کے بعد شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں دہشتگردوں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے،صدرِ مملکت نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
صدرِ مملکت نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے،انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشتگرد حملے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدر زمان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا،ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے، وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے قربانی دینے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوہاٹ کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 10 پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 18 خوارجیوں کو ہلاک کیا، خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے اور اس کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

