محکمہ ایکسائز پنجاب نے کوڑا ٹیکس کی وصولی یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے.
نادہندگان کو خبردار کیا گیا ہے کہ کوڑا ٹیکس ادا نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی، چالان اور جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا، جبکہ جائیداد کی خرید و فروخت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق پنجاب بھر میں تقریباً 50 لاکھ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جن میں فیصل آباد ڈویژن کے 4 لاکھ 30 ہزار جائیداد مالکان بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیسکو، سوئی گیس اور ایکسائز کے ڈیفالٹرز کو بھی واجبات کی ادائیگی کا پابند بنایا گیا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران شہریوں کو کوڑا فیس کے نوٹسز کی ترسیل مکمل کی گئی، تاہم اب تک صوبہ بھر میں صرف 20 فیصد ادائیگیاں موصول ہوئی ہیں۔
ایکسائز حکام کے مطابق باقی ماندہ نادہندگان کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ کوڑا فیس سے حاصل ہونے والی رقم صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے اور شہری سہولتوں پر خرچ کی جائے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں کوڑا ٹیکس انتظامی طور پر لازمی قرار دیا جا چکا ہے اور اس کی عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

