پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے مختلف اسکولوں اور کالجوں کی کیفے ٹیریاز اور کینٹینوں میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کا انکشاف کرتے ہوئے کارروائیاں کی ہیں, مختلف تعلیمی اداروں میں مجموعی طور پر 146 کینٹینوں کی چیکنگ کی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی، استعمال شدہ آئل اور ایکسپائر شدہ اشیائے خورونوش برآمد ہونے پر 6 اسکول کینٹینوں کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ناقص صفائی اور دیگر انتظامی خامیوں پر 35 کینٹینوں کو مجموعی طور پر 7 لاکھ 6 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ 40 کینٹینوں کو اصلاحی نوٹس جاری کرتے ہوئے مقررہ مدت میں خامیاں دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق تعلیمی اداروں میں خوراک کے معیار کی نگرانی کے لیے کینٹینوں کو سبز، پیلی اور سرخ کیٹیگریز میں درجہ بندی کیا گیا تھا، جس کے تحت معائنہ کیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ طلبہ کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایسے معائنے اور کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔

