پنجاب حکومت نے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 200 جدید ٹیبلٹس خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ خریداری ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے مالی تعاون سے جاری منصوبے کے تحت کی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ اینڈ لو کاربن ایگریکلچر میکانائزیشن پراجیکٹ کا حصہ ہے، جس کا مقصد زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے ہم آہنگ کرنا، جدید زرعی مشینری کو فروغ دینا اور کاربن کے اخراج میں کمی لانا ہے۔
منصوبے کے تحت خریدے جانے والے ٹیبلٹس زرعی فیلڈ ڈیٹا کی ڈیجیٹل ریکارڈنگ، معلومات کی بروقت ترسیل اور منصوبے کی مؤثر نگرانی میں معاون ثابت ہوں گے۔
دستاویزات کے مطابق جدید ٹیبلٹس میں فائیو جی (5G)، جی پی ایس، 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کی سہولت موجود ہوگی تاکہ فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام ٹیبلٹس محکمہ زراعت پنجاب کے متعلقہ پراجیکٹ آفس کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ منصوبے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

