• Home  
  • وزیراعظم کی ایئرپورٹس پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے اور مسافروں کو غیر ضروری پوچھ گچھ سے روکنے کا حکم
- پاکستان

وزیراعظم کی ایئرپورٹس پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے اور مسافروں کو غیر ضروری پوچھ گچھ سے روکنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو درپیش مشکلات ختم کرنے اور سفر میں سہولت فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کے سامان کی جانچ کسٹمز حکام کے بجائے اسمارٹ اسکینرز کے ذریعے کی جائے اور انہیں غیر […]

وزیراعظم کی ایئرپورٹس پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے اور مسافروں کو غیر ضروری پوچھ گچھ سے روکنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو درپیش مشکلات ختم کرنے اور سفر میں سہولت فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کے سامان کی جانچ کسٹمز حکام کے بجائے اسمارٹ اسکینرز کے ذریعے کی جائے اور انہیں غیر ضروری پوچھ گچھ سے پریشان نہ کیا جائے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہفتے کو اسلام آباد میں کسٹمز کے نظام کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ایئرپورٹس اور بندرگاہوں سمیت ملک کے مختلف مقامات پر سامان کی آمدورفت، کسٹمز کی نگرانی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمارٹ اسکینرز فوری طور پر فضائی راستے سے پاکستان منگوا کر تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر نصب کیے جائیں اُنہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان کی جانچ کے فرسودہ طریقہ کار کو ترک کرنا ہوگا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خودکار نظام متعارف کرایا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسافروں کی سہولت اور آرام اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی انہیں تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ہوائی اڈوں پر دیگر سہولیات فراہم کرنے والے عملے کو بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دی جائے اور سروس کی فراہمی میں شائستگی اور انسانی احترام کو تربیت کا اہم حصہ بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کسٹمز کی جانب سے انفورسمنٹ کے نئے نظام کو سراہتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیادیتے ہوئے ہدایت کی کہ محصولات کی چوری روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے ٹیکس ادا کرنے والے کاروبار قابل احترام ہیں جبکہ ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انڈس کلکٹریٹ (انفورسمنٹ) نے قیام کے ابتدائی تین ہفتوں میں 80 کارروائیوں کے دوران تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء ضبط کیں۔ اس مقصد کے لیے 865 اہلکار تعینات کیے گئے اور 26 اہم راہداریوں کا احاطہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسمگل شدہ کپڑے، گاڑیوں، سگریٹس، ہائی اسپیڈ ڈیزل، آٹو پارٹس اور دیگر اشیاء کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کسٹمز انفورسمنٹ کے تحت ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام اور انہیں فعال بنانے میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کسٹمز کے شعبے میں اصلاحات کے تحت 280 گڈز ایویلیوٹرز کی بھرتی مکمل کرلی گئی ہے، جن کی تربیت اکتوبر اور نومبر 2026 میں ہوگی۔ ایف بی آر کے اصلاحاتی اقدامات کے تحت اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کسٹمز انفورسمنٹ کے نظام کو یکجا کرکے ملک بھر میں ایک مربوط ادارہ قائم کیا گیا ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ اور شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، ارکان قومی اسمبلی عثمان اویسی اور رانا ارادت شریف خان سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.