ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی ڈیلیوری میں تاخیر کے مسئلے کے پیش نظر پوسٹ آفس کے ڈلیوری میکانزم کو ٹریفک پولیس کے لائسنس انفارمیشن سسٹم سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت ڈی ایل آئی ایم ایس (DLIMS) میں لائسنس کارڈ کا صرف پروسیسنگ اور پرنٹنگ کا اسٹیٹس دیکھا جا سکتا ہے، تاہم ڈیٹا انٹیگریشن کے بعد کارڈ کی ٹریکنگ اور موجودہ لوکیشن بھی معلوم کی جا سکے گی۔
نئے نظام کے تحت کارڈ کی ٹریفک پولیس سے پوسٹ آفس کو حوالگی، ڈلیوری اور موجودہ مقام سے متعلق تمام تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی.
حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں ٹریفک پولیس کو بھی ڈیٹا چیکنگ میں مشکلات کا سامنا رہتا تھا، جس کے پیش نظر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ڈیٹا انٹیگریشن کے حوالے سے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈیٹا انٹیگریشن مکمل ہونے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کارڈز مقررہ وقت کے اندر شہریوں تک پہنچانے میں آسانی ہوگی.

