پنجاب اسمبلی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔
نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف قرارداد حکومتی رکن احسن رضا نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں حکومتی رکن نے مؤقف اپنایا کہ ایک طبقے کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن راشد طفیل کی جانب سے کورم کی نشان دہی کی جس پر پینل آف چیئر نے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی۔
ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے سے لاہور سے پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ طویل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور میں شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی بند کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کا شارٹ فال 1200 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے اور ملک میں مجموعی بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سولر بجلی کی پیداوار کے باعث شارٹ فال نسبتاً کم رہتا ہے اور سولر سے روزانہ تقریباً 7 ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہورہی ہے۔
این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی ہے جب کہ آر ایل این جی کا جہاز پورٹ پر نہ پہنچنے کے باعث گیس بحران مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

