اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی تاہم سندھ کے تمام اضلاع میں موسم خشک اور دن کے وقت نسبتاً گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال کے حوالے سے بتایا ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، کوہاٹ، دیر، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، کرم اور باجوڑ میں بادل برسنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے متعدد اضلاع جن میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، دالبندین، بارکھان، موسیٰ خیل، نوکنڈی اور خضدار شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑی سلسلوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، ڈی جی خان، تونسہ، بھکر، لیہ، خوشاب، سرگودھا اور ان کے گردونواح میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں موسم خشک اور دن کے وقت نسبتاً گرم رہنے کا امکان ہے۔

