اسلام آباد(5 نومبر 2026): ڈرگ نے فارمولہ دودھ کے مینوفیکچررز اور امپورٹرز کو باضابطہ طور پر سخت ہدایات کردی۔
حکومتِ پاکستان نے بچوں کی صحت اور ماں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک بڑا اور خوش آئند فیصلہ کرتے ہوئے فارمولہ دودھ کے ڈبوں پر ماں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں جملہ لکھنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے تمام فارمولہ دودھ کے مینوفیکچررز اور امپورٹرز کو باضابطہ طور پر سخت ہدایات اور مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
سینیٹ ہیلتھ کمیٹی کی خصوصی ہدایت پر کیے جانے والے اس فیصلے کے تحت، فارمولہ دودھ بنانے والی کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایک سے تین سال تک کے بچوں کے فارمولا دودھ کے تمام پیکٹس، پیکنگ، لیبلز اور کنٹینرز پر واضح الفاظ میں انتباہی تحریر درج کریں۔
ڈریپ کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ڈبے کے معلوماتی صفحے پر یہ تحریر لازمی موجود ہو۔
یہ انتباہی اور معلوماتی تحریر اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں واضح انداز میں درج کرنا ہوگی جس میں یہ واضح کیا جائے گا کہ “ماں کا دودھ بچے کے لیے بہترین ہے”۔
ڈریپ نے تمام متعلقہ مینوفیکچررز اور امپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس نئے فیصلے پر فوری اور سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ بچوں کی بہترین پرورش اور صحت کے حوالے سے شعور بیدار کیا جا سکے۔
