پاکپتن : دکانوں اور ہوٹلوں پر مردہ جانوروں کے گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 7 من مردہ گوشت برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے علاقے گوگیرہ روڈ پر پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے 7 من مردہ جانوروں کا مضرِ صحت گوشت برآمد کر کے بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گوگیرہ روڈ پر ناکے کے دوران شک گزرنے پر ایک گاڑی کو روکا گیا تو تلاشی لینے پر گاڑی سے 7 من مردہ اور ناپاک گوشت برآمد ہوا، جسے اوکاڑہ کے مختلف ہوٹلوں اور دکانوں پر سپلائی کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
پولیس نے موقع پر ہی ملزم وحید جمال کو گرفتار کر کے منشیات و فوڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ سپلائی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی قانون کے مطابق تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور انسانی صحت کے لیے شدید ناہنکار و مضر اس 7 من گوشت کو موقع پر ہی آگ لگا کر تلف کر دیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر سہولت کاروں تک پہنچا جا سکے۔

