عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کے3 روزہ سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے، جبکہ ملک بھر سے زائرین کی دربار پر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
عرس میں شرکت کے لیے پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے عقیدت مند قصور پہنچ رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے عرس کی تقریبات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت محفلِ نعت، مشاعرہ اور محفلِ سماع کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے خصوصی پلان تشکیل دے دیا ہے، جبکہ عرس کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق زائرین کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔

