راولپنڈی میں خواتین کیلیے پنک ریڑھی بازار قائم، خواتین اپنی تیار کردہ اشیاء اور دیگر مصنوعات فروخت کر سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق خواتین کو باعزت روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر لیاقت روڈ راولپنڈی پر خواتین کے لیے پنک بازار (ریڑھی بازار) قائم کر دیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد خواتین کو محفوظ اور سازگار ماحول میں کاروباری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں معاونت کرنا ہے۔ پنک بازار میں خواتین اپنی تیار کردہ اشیاء اور دیگر مصنوعات فروخت کر سکیں گی، جس سے انہیں باعزت روزگار کے حصول کے ساتھ اپنی آمدن میں اضافے کا موقع بھی میسر آئے گا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ خواتین کو کاروباری سرگرمیوں کے لیے بہتر سہولیات اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

