لاہور:علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مسافروں کی سہولت اور امیگریشن کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے نئے امیگریشن ایریا کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ایئرپورٹ منیجر اور ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر کے ہمراہ نئے فعال کیے گئے امیگریشن ایریا کا افتتاح کیا اور مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
وزیر داخلہ نے امیگریشن ایریا کو فعال کرنے سے متعلق جاری تمام سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامات کا معائنہ بھی کیا۔سید محسن نقوی نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کام کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔ نئے امیگریشن ایریا کی تکمیل
سے مسافروں کی آمد و رفت اور پروسیسنگ کے عمل میں بہتری آنے کے ساتھ ایئرپورٹ پر مجموعی سہولیات کو بھی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق نئے امیگریشن ایریا کا فعال ہونا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی بہتر اور تیز تر پروسیسنگ کی جانب اہم پیش رفت ہے، جس سے ایئرپورٹ پر مسافروں کے تجربے میں نمایاں بہتری متوقع ہے

