اسلام آباد: پمز اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک حادثے کے بعد نومولود بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کر کے عہدے سے ہٹا دیا۔
افسوسناک سانحے پر وزیرِ اعظم نے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔
سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ دیگر ممبران میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان شامل ہیں۔
یاد رہے کہ آج صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 نومولود جھلس کر لقمہ اجل بن گئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کی نرسری میں صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ایئر کنڈیشن کمپریسر پھٹنے سے آگ لگی جسے بجھا دیا گیا ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسری میں 16 بچے موجود تھے، لیڈی ڈاکٹر صرف ایک بچے کو بچاسکی جب کہ 15 بچے زندگی کی ہار گئے ہیں۔

