وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ماحولیاتی بہتری اور پائیدار ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ سوئٹزرلینڈ کی ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی سے متعلق عالمی تنظیم نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ (NST) نے پنجاب حکومت کے ماحولیاتی گورننس اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کو NST ایوارڈ گالا اینڈ سمٹ میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی ہے۔
نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے چیئرمین پیٹر نوبل نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو عالمی لیڈرشپ سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ سمٹ میں دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں کے علاوہ سائنسدان، ماہرین اور پائیدار ترقی کے لیے پالیسی سازی کرنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔
NST کی رپورٹ میں پنجاب حکومت کی جانب سے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کو نمایاں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب نے آلودگی کے ذرائع کا سراغ لگانے اور ماحولیاتی خطرات کا جائزہ لینے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام قائم کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سموگ کے خلاف مختلف اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی نظام بھی قائم کیا گیا ہے، جبکہ جدید آلات کی فراہمی کے ذریعے صوبے میں فضائی معیار کے انتظام اور نگرانی کو زیادہ شفاف بنایا گیا ہے۔
ماحولیاتی تحفظ کے دیگر اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے NST کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے لیے بھی ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنگلی حیات کے تحفظ اور افزائش کے لیے سیٹلائٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس سے ماحولیاتی نگرانی، قدرتی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔
پنجاب حکومت کے ان اقدامات کو عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی کو صوبے میں ماحولیاتی گورننس اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

