وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ الحمدللہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جناح کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا علاج 100 فیصد مفت ہوگا، جبکہ لاہور کی آبادی کے لحاظ سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کی گنجائش تیزی سے کم ہو رہی تھی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کم ترین عرصے میں جناح کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیا ہے، جلد ہی مریم نواز پاکستان کے سب سے بڑے نواز شریف کینسر ہسپتال کا بھی افتتاح کرنے جا رہی ہیں، جو ایک ہزار بیڈز پر مشتمل ہوگا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ کارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا بھی تقریباً مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پاکستان بھر سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے ، مریم نواز نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کر دیا ہے، لوگوں کو کام کرنے، گڈ گورننس اور میرٹ یقینی بنانا سکھایا ہے، اور ان کی دو سالہ محنت اب رنگ لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سے سیکھنے والے پنجاب پر انگلی نہ اٹھائیں، پنجاب بڑا بھائی ہے اور خلوص نیت سے تمام صوبوں کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت حاضر ہے۔

