ویب ڈیسک :اب واٹس ایپ پر تصویر یا ویڈیو تلاش کرنے کی ضرورت کم ہو جائے گی، نیا فیچر گیلری کی تازہ ترین فائل چیٹ کے دوران سامنے لے آئے گا، صارفین اسے بند بھی کر سکیں گے۔
واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے چیٹ کھولتے ہی صارف کو اپنے فون کی گیلری میں محفوظ تازہ ترین تصویر یا ویڈیو بھیجنے کی تجویز دی جائے گی،اس نئے فیچر کے تحت چیٹ بار کے اوپر تازہ ترین تصویر یا ویڈیو کا چھوٹا تھمب نیل دکھائی دے گا، جبکہ بعض صارفین کے لیے کیمرے کا آئیکون عارضی طور پر اسی تھمب نیل سے تبدیل ہو سکتا ہے۔
صارف اگر اس تجویز پر ٹیپ کرے گا تو تصویر یا ویڈیو فوری طور پر دوسرے شخص کو نہیں بھیجی جائے گی بلکہ پہلے ایڈیٹنگ کا آپشن کھلے گا، جہاں وہ اپنی مرضی سے کیپشن اور اسٹیکرز بھی شامل کر سکے گا۔
اگر صارف تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کرنا چاہتا تو وہ اس تجویز کو نظر انداز کرکے معمول کے مطابق چیٹنگ جاری رکھ سکتا ہے۔ واٹس ایپ کا یہ فیچر فون کی گیلری میں موجود تازہ ترین میڈیا فائل کو سامنے لائے گا، چاہے وہ عام تصویر ہو، اسکرین شاٹ ہو یا کسی دوسری ایپ سے محفوظ کی گئی ویڈیو۔
اس فیچر کے صارف کے اکاؤنٹ پر دستیاب ہوتے ہی یہ خودکار طور پر فعال ہو جائے گا تاہم جو صارفین اسے استعمال نہیں کرنا چاہتے وہ واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر چیٹس کے سیکشن سے ‘Recent Media Suggestion’ کا آپشن بند کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ کے مطابق نئے فیچر کی فراہمی مرحلہ وار جاری ہے اور آنے والے ہفتوں میں مزید اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کو بھی یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

