اسلام آباد(19 اگست 2026): چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں بلکہ اس کا تعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور علاج سے ہے جو کہ ان کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے تمام فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ دل بڑا کریں اور اس معاملے کو سبوتاژ نہ کریں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے تک پہنچنے کے لیے ہم نے بہت کوششیں کی ہیں۔ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے تاہم اسے تاحال کوئی نمبر الاٹ نہیں ہوا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالتی فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا اور اس پر کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مقتدرہ اور حکومت سے درخواست کی کہ وہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہونے دیں۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو بھی ہدایت کی کہ وہ محتاط رہیں اور کوئی ایسا کام یا بیان بازی نہ کریں جس سے اس فیصلے پر منفی اثرات مرتب ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر بالکل سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جو مزاج ہے، اس کے پیش نظر وہ صرف علاج مکمل ہونے کی حد تک ہی اسپتال میں قیام کریں گے۔
انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم نے ہر طرح کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

