• Home  
  • پاسپورٹ بنوانے کیلئے آئے شہریوں کی قطاریں، کئی کئی گھنٹے انتظار
- پاکستان

پاسپورٹ بنوانے کیلئے آئے شہریوں کی قطاریں، کئی کئی گھنٹے انتظار

لاہور : پاسپورٹ بنوانے کیلئے آئے شہریوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے ، جس پر محسن نقوی نے کہا کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت پر بلاامتیاز تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس کا اچانک […]

پاسپورٹ بنوانے کیلئے آئے شہریوں کی قطاریں کئی کئی گھنٹے انتظار

لاہور : پاسپورٹ بنوانے کیلئے آئے شہریوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے ، جس پر محسن نقوی نے کہا کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت پر بلاامتیاز تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا، جہاں پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کی طویل قطاریں اور کئی کئی گھنٹے انتظار دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ کو پاسپورٹ آفس میں درپیش مشکلات اور مبینہ ایجنٹ مافیا سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا۔

شہریوں نے بتایا کہ وہ صبح سے قطاروں میں کھڑے ہیں لیکن ابھی تک ان کی باری نہیں آئی۔

ایک شہری نے شکایت کی کہ ایجنٹ کو 5 ہزار 500 روپے دیے گئے، جبکہ ایجنٹس جلد کام کرانے کے عوض اضافی رقم طلب کرتے ہیں جبکہ ایک بزرگ شہری نے بتایا کہ اسے آج پاسپورٹ ملنا تھا، تاہم عملے کی جانب سے کہا گیا کہ پاسپورٹ ابھی پرنٹ نہیں ہوا۔

پاسپورٹ آفس کی صورتحال پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انچارج پاسپورٹ آفس شہزاد اسلم کو بدانتظامی اور فرائض میں غفلت پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں ایجنٹ مافیا کی مبینہ موجودگی پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔

شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ “میں آپ سے ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں، یہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے۔ شہریوں سے اس طرح کا سلوک ناقابل برداشت ہے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو تیز رفتار اور بہتر خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت پر بلاامتیاز تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی، اس لیے پاسپورٹ دفاتر میں عوام کو درپیش مشکلات کے فوری خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.