• Home  
  • ستھرا پنجاب: کام نہ کرنے والوں کیلئے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جائے،مریم نواز
- پاکستان

ستھرا پنجاب: کام نہ کرنے والوں کیلئے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جائے،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے مارکیٹوں اور بازاروں میں یکساں طرز کی ڈسٹ بنز اور گاربیج بیگز استعمال کرنے کا حکم دیتے […]

ستھرا پنجاب: کام نہ کرنے والوں کیلئے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جائے،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے مارکیٹوں اور بازاروں میں یکساں طرز کی ڈسٹ بنز اور گاربیج بیگز استعمال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کمرشل ایریاز سے ویسٹ اٹھانے کے لیے باقاعدہ اوقات کار مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مرکزی شاہراہوں کی صفائی اور دھلائی صبح 5 بجے شروع کرنے جبکہ مختلف علاقوں میں موجود خالی پلاٹس کی صفائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کمپنیوں سے ورکرز کو ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹرز کی واجب الادا رقوم بھی جلد از جلد ادا کرنے اور تنخواہوں میں تاخیر پر فوری ایکشن لینے کا حکم دیا۔

مریم نواز نے صوبہ بھر میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن یقینی بنانے اور اے ڈی سی سوشل سروسز کو صفائی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ انہوں نے علاقائی ضروریات کے مطابق صفائی ورکرز اور مکینیکل مشینری کی کمی پوری کرنے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کے گردونواح کے ساتھ پارکس اور گرین بیلٹس میں بھی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ خالی منرل واٹر بوتلوں، جوس کے ڈبوں اور دیگر کچرے کو فوری طور پر ہٹانے کے اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

ریلوے ٹریک کے اردگرد شہری علاقوں کی صفائی، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کی روزانہ بروقت صفائی اور سبزی و فروٹ منڈیوں میں خصوصی صفائی پر توجہ دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔

مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ کنٹریکٹرز اور ایم ڈی واسا کے ساتھ مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کرنے کی ہدایت کی، جبکہ فیلڈ مانیٹرنگ افسران کے لیے یکساں یونیفارم اور موٹر سائیکلوں کی برانڈنگ کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کنٹریکٹرز کو جرمانہ کرنے سے پہلے 24 گھنٹے میں بہتری لانے کی مہلت دی جائے۔ جرمانہ کرنا مقصد نہیں بلکہ صفائی کے معیار کو بہتر بنانا اصل ہدف ہے۔

انہوں نے ستھرا پنجاب میں کام نہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ صرف شہروں کی مرکزی شاہراہوں کی صفائی کافی نہیں بلکہ گلی محلوں کی صفائی بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے لاہور، خانیوال، اوکاڑہ، اٹک، قصور اور مری کے عملے کو اچھی کارکردگی پر شاباش دی، جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے جاری احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے 7 روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کرلیا۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.