کراچی: یکم اگست سے تمام تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار تعطیل کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا، تمام اسکول اور کالج 6 دن کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ہفتے کی چھٹی فوری طور پر ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا گیا، جس کا اطلاق یکم اگست 2026ء سے ہوگا۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ صوبے کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں ہفتے کے روز تدریسی عمل اور کلاسز کو بحال کر دیا گیا ہے۔
نئے شیڈول کے تحت اب تعلیمی سرگرمیاں پیر سے ہفتہ (ہفتے میں 6 دن) جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں یکم جون سے 31 جولائی 2026ء تک موسمِ گرما کی تعلیمی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔
شیڈول کے مطابق یکم اگست سے نئے تعلیمی سال 27-2026ء کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے اور اسی دن سے نئے ٹائم ٹیبل پر بھی عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے تمام نجی اور سرکاری اسکول و کالج انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق پیر سے ہفتہ باقاعدگی سے کلاسز کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔


