اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پہلی چار سالہ حج پالیسی 2027 تا 2030 کا اعلان کردیا گیا ، جس میں حج اخراجات 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان تجویز کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2027 تا 2030 کی منظوری دیتے ہوئے پہلی مرتبہ چار سالہ جامع حج پلان کا اعلان کر دیا ہے، جسے وزارت مذہبی امور کے مطابق حج انتظامات میں تسلسل، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں پالیسی کے اہم نکات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت حج کے پورے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے تاکہ درخواستوں، رجسٹریشن، کوٹہ کی تقسیم اور نگرانی کے عمل کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی میں پہلی بار باقاعدہ رجسٹریشن اور ویٹنگ لسٹ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے درخواست گزاروں کی ترجیحی بنیادوں پر شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔
وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ حج درخواست کے لیے ابتدائی طور پر 10 فیصد ادائیگی لازم ہوگی، جس کے بعد درخواست کو حتمی منظوری کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد غیر سنجیدہ درخواستوں کی روک تھام اور انتظامی بوجھ میں کمی لانا ہے، حج انتظامات کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے، جبکہ عازمین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی میکانزم بھی قائم کیا جائے گا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمین حج کی بہتر رہنمائی اور تیاری کے لیے مؤثر تربیتی پروگرام بھی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے، تاکہ حجاج کرام مناسک حج کو بہتر انداز میں ادا کر سکیں اور انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کوٹہ سسٹم کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کا تناسب بدستور 60 اور 40 فیصد برقرار رہے گا۔ تاہم نجی حج کمپنیوں کی کارکردگی کو مزید سخت نگرانی کے تحت لایا جائے گا اور اضافی کوٹہ کی فراہمی ان کی کارکردگی سے مشروط ہوگی۔
ابتدائی تخمینے کے مطابق حج اخراجات 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان تجویز کیے گئے ہیں، تاہم وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حتمی لاگت کا تعین آئندہ حالات، سعودی عرب میں اخراجات اور دیگر انتظامی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 برقرار رکھا گیا ہے، جس کے تحت آئندہ حج سیزن کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزارت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئندہ دس روز کے اندر حج درخواستوں کی وصولی کا عمل موبائل ایپ کے ذریعے شروع کر دیا جائے گا، جس سے درخواست دہندگان کو گھر بیٹھے سہولت میسر آئے گی اور پورا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔

