پشاور : خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم میں سرکاری امور کو ڈیجیٹل بنانے اور روایتی کاغذی فائلوں سے نجات دلانے کے لیے ای آفس سسٹم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
مذکورہ نظام کے تحت سرکاری خط و کتابت، فائلوں کی نقل و حرکت اور منظوری کا عمل آن لائن انجام دیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے سیکریٹری کی ہدایات پر اے آئی اینڈ ڈیجیٹل انیشی ایٹوز یونٹ نے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تکنیکی ٹیم کے تعاون سے ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں اس نظام کو کامیابی سے متعارف کرایا ہے۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور ملازمین کے لیے ایک تعارفی اور تربیتی نشست بھی منعقد کی گئی، جس میں انہیں ای آفس سسٹم کے استعمال، سرکاری خط و کتابت، فائلوں کی آن لائن نقل و حرکت اور منظوری کے ڈیجیٹل طریقہ کار سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
نئے نظام کے تحت سرکاری فائلوں کو ایک دفتر سے دوسرے دفتر منتقل کرنے کے لیے روایتی کاغذی طریقہ کار کے بجائے ڈیجیٹل آن لائن نظام استعمال کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ڈائریکٹوریٹ کی سطح پر ای آفس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران اس کا دائرہ
کار محکمہ کے تمام ضلعی دفاتر تک بڑھایا جائے گا۔


