اسلام آباد : ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے نئی سروس شروع کر دی تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی کے اپنے سالانہ گوشوارے جمع کرا سکیں۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026ء کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے آن لائن جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ایک مخصوص ٹیکنیکل سپورٹ سروس متعارف کرا دی ہے۔
یہ اقدام ان صارفین کے لیے اٹھایا گیا ہے جنہیں فائلنگ کے عمل کے دوران کسی بھی قسم کے سسٹم یا تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ” ایکس” پر جاری کردہ پیغام میں ٹیکس اتھارٹی نے بتایا کہ ریٹرن فائلنگ کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے اور ٹیکس دہندگان کی رہنمائی کے لیے ایک خصوصی تکنیکی ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔
اگر کسی ٹیکس دہندہ کو فائلنگ کے عمل میں کوئی تکنیکی دشواری پیش آتی ہے، تو وہ اپنی شکایت اس مخصوص ای میل پر بھیج سکتا ہے، itr2026feedback@pral.com.pk
ایف بی آر کے مطابق یہ مخصوص سپورٹ ٹیم موصول ہونے والی تمام شکایات کا 24 گھنٹوں کے اندر جواب دے کر مسئلہ حل کرنے کی پابند ہو گی۔
ٹیکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے آن لائن جمع کرانے والے شہریوں کے لیے عمل کو آسان، تیز رفتار اور بلا تعطل بنانا ہے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی کے اپنے سالانہ گوشوارے جمع کرا سکیں۔
ایف بی آر نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سسٹم سے متعلقہ کسی بھی خرابی کی صورت میں اسی آفیشل ای میل چینل کے ذریعے رابطہ قائم کریں۔

