لاڑکانہ : ڈاھانی گینگ کے سولہ مفرور ملزمان نے ہتھیار ڈال دیے، جن میں لاکھوں روپے کے انعام یافتہ دہشت کی علامت بنے ملزمان بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی، جہاں ڈاھانی گینگ سے تعلق رکھنے والے 16 مفرور اور روپوش ملزمان نے ہتھیار ڈال کر قانون کے سامنے سرینڈر کر دیا۔
ایس ایس پی لاڑکانہ نے بتایا کہ سرینڈر کرنے والے ملزمان میں 50 لاکھ روپے انعام یافتہ شریف ڈاھانی، 30،30 لاکھ روپے انعام یافتہ اکبر ڈاھانی اور صیفل ڈاھانی، 10 لاکھ روپے انعام یافتہ اکبر سومرو جبکہ 5،5 لاکھ روپے انعام یافتہ اصغر ڈاھانی اور بھورو ڈاھانی بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان نہ صرف علاقے میں سنگین جرائم اور دہشت کی علامت بنے ہوئے تھے، بلکہ گزشتہ 15 برسوں سے جاری ‘جیہا’ اور ‘ڈھانی’ برادریوں کے مابین خونریز تصادم میں بھی سرگرم مطلوب تھے
پولیس نے بتایا کہ اس دیرینہ اور خوفناک برادری تنازعے کے دوران اب تک دونوں اطراف سے کم از کم 25 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں تاہم ملزمان کے سرینڈر کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ پولیس کا نجات مھران آپریشن ڈاکوٶں کے مکمل خاتمے اور امن و امان کی بحالی تک جاری رہیگا، عوام کی جان و مال کے تحفظ جراٸم کے خاتمے اور علاقے میں امن وامان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

