سڈنی: جنوبی افریقہ کے سابق عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر ایلن ڈونلڈ نے آسٹریلوی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کینگروز کی ٹیم اب ویسی نہیں رہی جس سے حریف ٹیمیں پہلے ڈرجایا کرتی تھیں، آسٹریلوی کرکٹ کی دھاک اب ختم ہو چکی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایلن ڈونلڈ نے عالمی کرکٹ میں آسٹریلیا کی بالادستی اور حریف ٹیموں پر ان کے خوف کے حوالے سے ایک انتہائی دلچسپ تجزیہ پیش کیا۔
سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کو اب وہ خوف، رعب و دبدبہ حاصل نہیں رہا جو 1990ء اور 2000ء کی دہائیوں میں ہوا کرتا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ حریف ٹیمیں اب آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترتے وقت کسی بھی قسم کا خوف محسوس نہیں کرتیں۔
سابق کرکٹر نے نشاندہی کی کہ ہوم اینڈ اوے سیریز میں بھارت کی مسلسل کامیابیوں اور بارڈر-گواسکر ٹرافی میں شکست نے آسٹریلیا کا غرور توڑ دیا، جبکہ انگلینڈ اور دیگر ٹیموں نے بھی ان کے خلاف کھل کر جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی ہے۔
سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کی وہ روایتی جارحانہ باڈی لینگویج اور حریف کو ذہنی طور پر مفلوج کرنے کی صلاحیت اب ماند پڑ چکی ہے۔

