لندن (17 ستمبر 2026): پاکستان انڈر 19 نے سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ انڈر 19 کو 200 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔
جس سر زمین پر پاکستان کرکٹ کے بڑے نام ہوئے ناکام، وہیں پاکستانی بچوں نے کر دی تاریخ رقم۔ پاکستان اور انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز مہمان ٹیم نے جیت لی۔
سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز بنائے۔
قومی کپتان فرحان یوسف نے 80 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلی جب کہ عثمان خان اور جہانگیر بلال نے 79، 79 رنز بنا کر ٹیم کے بڑے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا۔
انگلینڈ کی جانب سے سبحان علی نے 7 اوورز میں 55 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا اور 6 اوورز میں 59 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ تاہم اس موقع پر پہہلی وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بولرز چھا گئے اور پوری انگلش ٹیم کو صرف 20.4 اوورز میں 150 رنز پر ڈھیر کر کے میچ 200 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔
انگلینڈ انڈر 19 کے کپتان رالفی البرٹ 24 گیندوں پر 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 16 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ نقاب شفیق، محمد صیام اور جہانگیر بلال نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز بھی تین ایک سے اپنے نام کر لی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی سینئر کرکٹ ٹیم حال ہی میں انگلینڈ میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہو کر وطن واپس لوٹی ہے۔

