ٹھٹھہ : دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر سالانہ مینٹیننس کا کام شروع ہونے کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کے سالانہ مینٹیننس کے کام کے باعث 9 پمپس بند ہو گئے، جس کے نتیجے میں کراچی کو یومیہ 130 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر سالانہ مرمتی و بحالی (مینٹیننس) کے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے سلسلے میں مختلف پمپ ہاؤسز کی بجلی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
بجلی کی بندش کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مجموعی 21 پمپس میں سے 9 پمپس غیر فعال ہو گئے ہیں، تاہم باقی 12 پمپس اور حب پمپنگ اسٹیشن کے ذریعے شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
ترجمان نے مزید بتایا کہ کراچی کو یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم مینٹیننس کے کام کے باعث شہر کو تقریباً 130 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔
تاہم بجلی کی بندش کے باوجود شہر کو 520 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ واٹر کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی فراہمی بحال ہوتے ہی دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی ترسیل بتدریج مکمل طور پر معمول پر لائی جائے گی۔
