تہران : ایران نے بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات کے ارلی وارننگ ریڈار کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ کسی ڈیل کی ضرورت ختم ہونے کے بیان کے چند ہی گھنٹوں بعد بحرین میں امریکی فوج کے ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
ستمبر کے اوائل کے بعد ایران کی جانب سے کسی خلیجی ملک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر حملے کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا دعویٰ ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران بحرین میں تعینات امریکی افواج کے ارلی وارننگ ریڈار کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ یہ اقدام دشمن کے لیے ایک واضح انتباہ ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں فضائی حملوں اور تیل کی اسمگلنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کر دے، بصورتِ دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کو سنگین جوابی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید برآں، پاسدارانِ انقلاب نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ سرک کے علاقے میں ہونے والے امریکی حملے میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
