پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے خلائی تعاون میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ چینی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ایک پاکستانی خلا باز چین کے خلائی مشن میں شامل ہوگا۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کا پہلا مشترکہ خلائی مشن ہوگا۔
چینی سفارتخانے کے مطابق یہ تاریخی مشن پاکستان اور چین کی نسل در نسل قائم دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس مشن سے نوجوان نسل کو نئی تحریک ملے گی، جبکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔اس تاریخی تعاون کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔ چینی سفارتخانے نے اس موقع پر دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
چینی سفارتخانے نے پاکستان اور چین کی 75 سالہ دوستی کو ایک مشترکہ سفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی اب خلا کی وسعتوں میں بھی ایک نئے سفر کی صورت اختیار کر رہی ہے۔

