• Home  
  • لاہور میٹرو بس کو شمسی توانائی سے منسلک کرنے کی تیاریاں تیز کر دی گئیں
- پاکستان

لاہور میٹرو بس کو شمسی توانائی سے منسلک کرنے کی تیاریاں تیز کر دی گئیں

پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے بجلی کے اخراجات کم کرنے کے لیے لاہور میٹرو بس کو شمسی توانائی سے منسلک کرنے کی تیاریاں تیز کر دی گئیں ۔ شاہدرہ سے گجومتہ تک میٹرو بس روٹ کے مختلف مقامات پر سولر پی وی سسٹم، برقی آلات کی فراہمی، تنصیب، تبدیلی اور دیکھ بھال کے […]

میٹرو بس

پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے بجلی کے اخراجات کم کرنے کے لیے لاہور میٹرو بس کو شمسی توانائی سے منسلک کرنے کی تیاریاں تیز کر دی گئیں ۔ شاہدرہ سے گجومتہ تک میٹرو بس روٹ کے مختلف مقامات پر سولر پی وی سسٹم، برقی آلات کی فراہمی، تنصیب، تبدیلی اور دیکھ بھال کے لیے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا سرکاری ٹینڈر اور جائزے کا عمل اہم مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ 

صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے میٹرو سٹیشنوں، بس ڈپو اور دیگر ٹرانسپورٹ تنصیبات کے تجارتی استعمال سے سالانہ ایک ارب روپے آمدن حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے لاہور میٹرو بس کے شاہدرہ تا گجومتہ روٹ پر مخصوص مقامات کے لیے شمسی توانائی اور متعلقہ برقی نظام کی فراہمی و تنصیب کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں ستمبر 2026 میں ٹینڈر جاری کیا گیا، جبکہ اکتوبر میں تکنیکی جائزے کی رپورٹ اور 3 نومبر کو حتمی جائزہ رپورٹ بھی اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر درج کی گئی۔ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبہ محض تجویز تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کے لیے سرکاری خریداری کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ تاہم سولر نظام کی عملی تنصیب شروع ہونے اور منصوبے کی تکمیل کی حتمی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کے مطابق حکومت ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے میں شمسی توانائی اور بیٹری پر مبنی نظام متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے۔ اس منصوبہ بندی کے تحت میٹرو اسٹیشنوں اور بس ڈپو کی بجلی کی ضروریات کا بڑا حصہ متبادل توانائی سے پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس سے بجلی کے اخراجات میں 80 فیصد تک کمی ممکن ہو سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید بیٹری سسٹم اور ڈی سی چارجنگ سہولتوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ قومی بجلی کے نظام پر انحصار کم کیا جا سکے۔

دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ نے سرکاری ٹرانسپورٹ تنصیبات کو آمدن کا ذریعہ بنانے کے لیے بھی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ صوبائی وزیر کے مطابق 2017 سے 2024 کے دوران ماس ٹرانزٹ انفراسٹرکچر سے اشتہارات کی مد میں سالانہ آمدن تقریباً 7 کروڑ 4 لاکھ 70 ہزار روپے رہی، جو گزشتہ سال بڑھ کر 48 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ اب رواں سال اس آمدن کو ایک ارب روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس مقصد کے لیے میٹرو اسٹیشنوں اور دیگر ٹرانسپورٹ مقامات پر اشتہاری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے ساتھ وینڈنگ مشینیں، چھوٹے تجارتی سٹالز اور ٹرینوں پر تجارتی تشہیر متعارف کرانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ حکام کا مقصد ٹرانسپورٹ کے کرایوں کے علاوہ آمدن کے ذرائع بڑھانا اور سرکاری مالی معاونت پر انحصار کم کرنا ہے۔جبکہ لاہور میٹرو بس کے پلرز اور دیگر مقامات پر اشتہاری حقوق کے معاملے پر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے درمیان اختیارات کی تقسیم بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.