لاہور میں نوسربازوں نے کم پیسوں میں جعلی ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے لیے جعلی ویب سائٹس بنا لیں، جبکہ ہزاروں شہریوں کو لوٹنے والی جعلی ڈرائیونگ لائسنس اور ویریفکیشن ویب سائٹس کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے جعلی ڈرائیونگ لائسنس ویب سائٹس کے خلاف سخت کارروائی کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سی ٹی او لاہور نے چیئرمین پی ٹی اے اور ڈی جی این سی سی آئی اے کو خط لکھ دیا ہے۔
مراسلے میں جعلی ڈرائیونگ لائسنس اور تصدیقی خطوط جاری کرنے والے منظم گروہ کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق جعل ساز سرکاری ویب سائٹس سے ملتے جلتے پلیٹ فارمز بنا کر شہریوں کو مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا ہے کہ سرکاری ڈرائیونگ لائسنس سسٹم صرف اصل سرکاری پورٹل پر ہی دستیاب ہے۔
مراسلے میں جعل ساز عناصر کے بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کا سراغ لگانے کی بھی درخواست کی گئی ہے، جبکہ جعلی ویب سائٹس کے ذریعے لوٹی گئی رقوم اور اس نیٹ ورک کے اصل سہولت کاروں کی نشاندہی کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

