اسلام آباد: وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ بتا دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں، عمران خان کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل نہ ڈھیل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو میڈیکل چیک اپ کی سہولت حاصل ہے، سلمان صفدر وکیل ہیں لیکن میڈیا سے گفتگو میں میڈیکل اسپیشلسٹ بنے ہوئے تھے، سلمان صفدر قانونی نکات پر توجہ دیں تو عمران خان کی رہائی ممکن ہوسکتی ہے۔
طارق فضل نے کہا کہ سلمان صفدر نےاعتراف کیا بانی کو میڈیکل چیک اپ کی سہولت میسر ہے، حکومت پہلے بھی ان کےعلاج سے غافل نہیں تھی، آئندہ بھی نہیں ہوگی، سپریم کورٹ کے حکم سے پہلے عمران خان کو 6 بار اسپتال لایا گیا، ان کے بلڈ پریشر کے لیے ضرورت پڑنے پر لندن سے ڈاکٹر بلایا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کی ضرورت کے مطابق کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا 13 سالہ دور بدترین دور حکومت رہا، ان کے دور میں ترقی ہوئی نہ عوام کو سہولت فراہم کی گئی، خیبرپختونخوا میں اہداف حاصل ہونے تک ایمرجنسی نافذ رہے گی۔
طارق فضل نے کہا کہ حکومت کے پاس اب خیبرپختونخوا میں ناکامی کا کوئی آپشن نہیں، ریاست اور ادارے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پی ٹی آئی کا مکمل عدم تعاون رہا، ایمرجنسی، گورنر راج پی ٹی آئی کا سیاسی خودکش حملہ تھا، آخری آپشن کے طور پر گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

