اسلام آباد: بجلی صارفین کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی ، جس کے زریعے کیو آر کوڈ کے ذریعے بل ادا کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے صارفین کو آسانی فراہم کرنے کے لیے کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت باضابطہ طور پر متعارف کروا دی۔
اس سروس کے تحت صارفین اپنے بجلی کے بلوں اور تمام قسم کے ڈیمانڈ نوٹسز پر درج کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے سیکنڈوں میں ادائیگی کر سکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو انجینئر خالد محمود نے بتایا کہ اس جدید سہولت کا بنیادی مقصد ادائیگی کے عمل کو تیز، آسان اور شفاف بنانا ہے جبکہ رقم کی وصولی میں درستی اور اعتماد کو یقینی بنانا ہے۔
ادائیگی کا طریقہ کار
سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین اپنے موبائل میں موجود آن لائن بینکنگ ایپ یا موبائل والٹ (Mobile Wallet) کھولیں۔
اصل بل یا ڈیمانڈ نوٹس پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کریں۔
اسکرین پر ظاہر ہونے والی قابلِ ادائیگی رقم کی تصدیق کریں اور کنفرم کر کے اپنی ٹرانزیکشن کا عمل مکمل کریں۔
آئیسکو کے مطابق یہ سہولت صارفین کے لیے ہفتے کے 7 دن اور 24 گھنٹے میسر رہے گی۔
سی ای او آئیسکو انجینئر خالد محمود نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے صرف اصل آئیسکو بل یا ڈیمانڈ نوٹس پر چھپے کیو آر کوڈ کو ہی اسکین کریں۔
انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ کوئی بھی ٹرانزیکشن مکمل کرنے سے پہلے رقم اور اکاؤنٹ کی تفصیلات کی اچھی طرح تصدیق لازمی کر لیں۔

