اسلام آباد: آئی ایم ایف نے پاکستان سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری بروقت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا عوام کے ٹیکسوں کے پیسے پر کمپنیوں کو مزید چلانا کسی صورت دانش مندی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے پاکستان سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل بروقت مکمل کرنے کا حتمی مطالبہ کر دیا۔
حکومتی ذرائع نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اپنے موقف میں واضح کیا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو مزید چلانا کسی صورت دانش مندی نہیں ہے، اس لیے حکومتِ پاکستان ان کمپنیوں کی پرائیویٹائزیشن میں تاخیر نہ کرے۔
مالیاتی ادارے کا کہنا تھا کہ سرکاری کارپوریشنز کے مجموعی مالیاتی نقصانات میں سب سے بڑا حصہ توانائی کے شعبے کے نقصانات کا ہے، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ملک کے مالیاتی خسارے کی سب سے بڑی وجہ بن چکی ہیں۔
آئی ایم ایف نے متنبہ کیا ہے کہ جب تک پاکستان میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری مکمل نہیں ہوتی، ملک کا بجٹ خسارہ بے قابو ہی رہے گا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق عوامی بجٹ کو بجلی کے شعبے کے مسلسل نقصانات سے نجات دلانے اور قومی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے ان کمپنیوں کی نجکاری ناگزیر ہو چکی ہے۔
آئی ایم ایف نے واضح کیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے راستے میں حائل رکاوٹیں اور مسلسل تاخیر ملکی معیشت کے لیے مزید شدید نقصانات کا باعث بنے گی۔

