تل ابیب(10 نومبر 2026): اسرائیلی ایئر پورٹ پر روسی فوجی طیارہ اترنے کا انکشاف ہوا ہے جس میں انٹیلی جنس کے سربراہ سمیت اعلیٰ حکام سوار تھے۔
اسرائیل کے پبلک براڈکاسٹر ‘کان‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اتوار کی شب تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر اترنے والے ایک روسی فوجی طیارے میں روس کی فوجی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ایگور کوستییوک سمیت کئی اعلیٰ حکام سوار تھے۔
براڈکاسٹر کے مطابق یہ طیارہ پیر کے روز ابوظہبی واپس آگیا، جہاں منگل کے روز امریکا کی میزبانی میں ایک امن سربراہی اجلاس منعقد ہونا ہے جس میں روس اور یوکرین کے سینئر حکام بھی شرکت کریں گے۔
ایک نامعلوم غیر ملکی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ طیارہ امریکا کی درخواست پر اسرائیل پہنچا تھا تاکہ روسی انٹیلی جنس چیف اور دیگر اعلیٰ حکام اسرائیلی سیکیورٹی حکام کے ساتھ اہم مذاکرات کر سکیں۔تاہم اس حوالے سے کوئی اضافی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان وزیرِ اعظم کے دفتر اور اسرائیل میں روسی سفارت خانے نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے جبکہ ابوظہبی کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
براڈکاسٹر ‘کان’ نے سب سے پہلے اتوار کی شب یہ اطلاع دی تھی کہ سینئر حکام اور فوجی اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والا ایک روسی فوجی طیارہ (ٹوپولیو Tu-154) بن گوریان ایئرپورٹ پر اترا ہے، اور اس پرواز کو “غیر معمولی” قرار دیا گیا کیونکہ حالیہ برسوں میں اس طرح کی پروازیں نہیں دیکھی گئی تھیں۔
یہ طیارہ ماسکو کے قریب چکالووسکی ایئر بیس سے روانہ ہوا تھا اور اتوار کی شب تقریباً نو بجے اسرائیل کے بین گوریان ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
رپورٹ کے مطابق ماضی میں اسرائیل اور روس کے درمیان ہونے والی فوجی بات چیت کا محور شام میں روسی افواج کی موجودگی رہا ہے، جہاں دونوں ممالک نے اسرائیلی سرحدوں کے قریب فوجی کشیدگی سے بچنے کے لیے ایک کوآرڈینیشن میکنزم قائم کر رکھا تھا۔
تاہم حالیہ برسوں میں، بالخصوص روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے روس نے شام میں اپنی فوجی موجودگی میں نمایاں کمی کی ہے اور حالیہ دنوں میں لاذقیہ کے قریب حمیمیم ایئر بیس سے اپنے دستوں اور سازوسامان کا انخلا بھی شروع کر رکھا ہے۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ روس ایران کے ساتھ تزویراتی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے، اور چند روز قبل ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے ماسکو کا دورہ کر کے روسی صدر ولادیمیر پیوتن سے ملاقات کی تھی جس میں جاری امریکی ایرانی تنازع سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
تاہم کین نے اس ایرانی دورے اور روسی فوجی طیارے کے اسرائیل میں اترنے کے درمیان کسی بھی تعلق کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

