کراچی(10 نومبر 2026): قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نئی انتظامیہ نے ملازمین کے لیے ایک اہم حکمنامہ جاری کرتے ہوئے مفادات کے ٹکراؤ کی نشاندہی کے لیے ملازمین کو ڈسکلوژر فارم جمع کرانے کی سخت ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ملازمین سے ادارے میں کام کرنے والے تمام قریبی رشتہ داروں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، جن میں والدین، بہن بھائیوں اور شریک حیات کا احاطہ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ تھرڈ پارٹی اور آؤٹ سورس ملازمین سے تعلقات کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کے کاروباری شراکت داروں، سپلائرز اور کنٹریکٹرز سے روابط کی تفصیلات بھی فراہم کرنا لازمی قرار دی گئی ہیں۔
ملازمین اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ اپنے رشتہ داروں کے ایئرلائن سے جڑے کسی بھی قسم کے کاروباری مفادات سے انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام معلومات مفادات کے ممکنہ ٹکراؤ کی نشاندہی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ تاہم انتظامیہ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ملازمین کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا اور اس ڈیٹا تک صرف مجاز حکام کو ہی رسائی حاصل ہوگی۔
نئے حکمنامے میں واضح کیا گیا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے، اپنے تعلقات چھپانے یا مقررہ وقت پر ڈسکلوژر فارم جمع نہ کرانے والے ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پی آئی اے ملازمین کے لیے یہ ڈسکلوژر فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ آج 10 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

