اسلام آباد:تربیلا ڈیم پر زیرِ تعمیر اہم ویئر کا حصہ منہدم ہوگیا جس سے کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیبر پختونخوا پہلے ہی ہنگامی صورتحال سے دوچار ہے کہ ایسے میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔ تربیلا ڈیم پر عالمی بینک کی مالی معاونت سے زیرِ تعمیر ایک اہم ویئر (Weir) کا حصہ اچانک منہدم ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ منصوبہ ڈیم سے منسلک ایک اہم تعمیراتی ڈھانچے کا حصہ تھا، جس کی تعمیر میں 300 سے زائد چینی کارکن کام کر رہے ہیں۔
تاہم واضح رہے کہ تربیلا ڈیم کا مرکزی ڈھانچہ یا مین ڈیم متاثر نہیں ہوا، بلکہ اس سے منسلک ایک علیحدہ ویئر کا حصہ گرا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اہم تعمیراتی ڈھانچے کے منہدم ہونے سے کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد میڈیا اور ٹی وی چینلز کی جانب سے متعلقہ حکام سے تفصیلات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور بھی نقصانات کی نوعیت اور شدت کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ تاحال واقعے سے متعلق سرکاری سطح پر تفصیلات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ مقامی ذرائع سے مزید معلومات اور ویڈیوز موصول ہونے پر ناظرین کو آگاہ کیا جائے گا۔

