واشنگٹن : پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں فنی خلل کے باعث مائیکروسافٹ کی سروسز اچانک متاثر ہو گئیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کی سروسز میں اچانک بڑا تعطل پیدا ہو گیا، جس کے باعث کاروباری اداروں، دفتری امور اور عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹس میں بتایا کہ اس فنی خلل کے نتیجے میں Microsoft 365 ایکو سسٹم کے تحت کام کرنے والی مقبول ترین سروسز بشمول آؤٹ لک ای میل، مائیکروسافٹ ٹیمز ، کوپائلٹ اے آئی اسسٹنٹ، شیئرپوائنٹ آن لائن، ون ڈرائیو (OneDrive)، ایژور (Azure) اور مائیکروسافٹ اسٹور تک رسائی متاثر ہوئی۔
سروسز کی بندش سے امریکا، کینیڈا، یورپ، آسٹریلیا اور پاکستان سمیت مختلف خطوں میں کاروباری مراکز، اسپتال، یونیورسٹیاں اور عوامی ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہوا۔
انٹرنیٹ سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق صرف آؤٹ لک سروس میں خرابی سے متعلق تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار شکایات درج کی گئیں، جبکہ امریکا میں دسیوں ہزار صارفین ایکسچینج آن لائن پر ای میلز بھیجنے اور وصول کرنے سے قاصر رہے۔
اس تعطل کے باعث مائیکروسافٹ اکاؤنٹس کے ذریعے اوپن اے آئی (OpenAI) اور اینتھروپک (Anthropic) کی سروسز سے منسلک ہونے والے صارفین کو بھی دشواری پیش آئی۔
سروسز کی بندش کے حوالے سے مائیکروسافٹ کے اعلیٰ عہدیدار چارلس لامانا نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں سروسز میں آنے والا یہ تعطل کسی سائبر حملے یا صارفین کی ٹریفک میں اچانک اضافے کا نتیجہ نہیں ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ مسئلہ بڑی تعداد میں سرورز میں غیر متوقع خرابی پیدا ہونے کے باعث باقی انفراسٹرکچر پر دباؤ بڑھنے اور سسٹم اوورلوڈ ہونے سے پیش آیا۔
صورتحال پر قابو پانے کے لیے تمام نئی اپ ڈیٹس عارضی طور پر روک دی گئی ہیں، ٹریفک کو متاثرہ سسٹمز سے ہٹا کر متبادل سرورز پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ کمپنی کی تکنیکی ٹیمیں متاثرہ سرورز کو بحال کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔
