چین کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی نے لگژری گاڑیوں کی دنیا میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنی نئی الیکٹرک لیموزین متعارف کرادی ہے جسے برطانوی لگژری کار ساز کمپنی رولز رائس کی مشہور گاڑی فینٹم کے مقابلے میں پیش کیا جا رہا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی، شاہانہ اندرونی ڈیزائن اور غیر معمولی خصوصیات سے لیس یہ گاڑی پانی میں تیرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
بی وائی ڈی کے لگژری برانڈ یانگ وانگ کی اس نئی گاڑی کا نام ”آلٹیئر“ ہے، جسے ابوظہبی میں متعارف کرایا گیا۔ کمپنی کے مطابق اس گاڑی کی تیاری پر تین سال کام کیا گیا ہے۔ اس کی لمبائی 5 ہزار 600 ملی میٹر اور چوڑائی 2 ہزار 30 ملی میٹر ہے۔
آلٹیئر کے ڈیزائن میں قدیم چینی ثقافت سے متاثر عناصر شامل کیے گئے ہیں۔ اس کا اگلا حصہ قدیم چینی کانسی کے رسمی برتن ’ڈنگ‘ سے متاثر ہے، جبکہ اس کی بڑی فرنٹ گرِل کو قیمتی زیورات جیسی شکل دی گئی ہے۔ گاڑی کے مالک کے قریب آنے پر اس کی 12 لائٹس گھومتے ہوئے یکے بعد دیگرے روشن ہوتی ہیں۔
گاڑی کے دروازوں کا انداز بھی خاص توجہ کا مرکز ہے۔ پچھلے دروازے پیچھے کی جانب سے کھلتے ہیں اور 90 ڈگری تک کھل سکتے ہیں، جبکہ اگلے دروازے 80 ڈگری تک کھلتے ہیں۔ ان دروازوں کے اندر خصوصی چھتریاں بھی رکھی گئی ہیں۔
گاڑی کے اندر چار نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے، جس میں پچھلی دو نشستوں کو خاص طور پر آرام دہ بنایا گیا ہے۔ ان میں جہاز کی بزنس کلاس جیسی سہولتیں موجود ہیں، جن میں ٹانگیں پھیلانے کے لیے جگہ، نشستوں کو پیچھے جھکانے اور مساج کی سہولت شامل ہے۔
پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والوں کے لیے ٹانگیں پھیلانے کی جگہ تقریباً 1209 ملی میٹر ہے۔ ایک بٹن دبانے سے اگلی مسافر نشست آگے کی جانب ہو جاتی ہے، جس سے پچھلے مسافروں کو مزید جگہ ملتی ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی ریلیکسیشن موڈ میں نشستیں خود بخود پیچھے جھک جاتی ہیں، کھڑکیوں کے پردے بند ہو جاتے ہیں اور روشنی کے ساتھ گاڑی کے اندر خوشبو کا ماحول بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
تفریح کے لیے گاڑی میں 39 اسپیکرز پر مشتمل ڈائناڈیو پلاٹینم ایویڈنس ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے، جبکہ چھت پر 21.4 انچ کی بڑی اسکرین بھی موجود ہے، جس پر فلمیں دیکھی جا سکتی ہیں یا ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی جا سکتی ہے۔ گاڑی کے اگلے اور پچھلے حصے میں الگ الگ فریج بھی دیے گئے ہیں۔
آلٹیئر کی تیاری میں مہنگے اور اعلیٰ معیار کے مواد کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے اندرونی حصے میں اصلی پیلے رنگ کا ہی تیان جیڈ، چینی ریشم کی کڑھائی، اصلی دھات کے بٹن، چمڑا، قدرتی لکڑی اور خالص اون کے قالین شامل ہیں۔ کمپنی کے انجینئرز نے دھاتی بٹنوں کی آواز اور ان کے استعمال کے احساس کو بہتر بنانے کے لیے بھی خصوصی تجربات کیے۔
گاڑی کی تکنیکی خصوصیات بھی اسے عام الیکٹرک کاروں سے مختلف بناتی ہیں۔ اس میں چار الیکٹرک موٹرز نصب ہیں، جو ہر پہیے کو الگ الگ کنٹرول کرتی ہیں۔ یہ نظام ایک سیکنڈ میں 100 سے زیادہ مرتبہ پہیوں کو فراہم ہونے والی طاقت کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے، جس کا مقصد گاڑی کو زیادہ مستحکم رکھنا ہے۔

