مہنگائی کے اثرات ڈرائیونگ سیکھنے والوں تک بھی پہنچ گئے، ٹریفک پولیس کے سرکاری ڈرائیونگ سکولز میں تربیت کی فیسوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
کار ڈرائیونگ سیکھنے کی فیس 5 ہزار سے بڑھا کر 7 ہزار روپے کر دی گئی، جس کے بعد شہریوں کو کار کی ڈرائیونگ سیکھنے کے لیے 2 ہزار روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
کمرشل گاڑی کی ڈرائیونگ سیکھنے کی فیس بھی 7 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق سرکاری ڈرائیونگ سکولز میں شہریوں کو 15 روزہ تربیت فراہم کی جاتی ہے، ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جاتا ہے اور کامیاب امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور میں 12 سمیت پنجاب بھر میں 125 سے زائد سرکاری ڈرائیونگ سکولز قائم ہیں، جہاں ہر سال تقریباً 45 ہزار شہری ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کی جانب سے ڈرائیونگ سکولز کی فیسوں میں اضافے کی سمری ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کر لی گئی ہے۔ رواں ماہ سے نئی فیسوں کا اطلاق ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے تمام اضلاع میں نئی فیسوں کے نفاذ کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

