تلنگانہ(4 نومبر 2026): بھارتی ریاست تلنگانہ میں خاندانی تنازع پر سسرالیوں نے 26 سالہ بہو کا سر قلم کر دیا۔
بھارتی ریاست تلنگانہ میں خاندانی تنازع پر دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سسرالیوں نے مبینہ طور پر جائیداد کی خاطر 26 سالہ خاتون کٹراؤتھ سنیتا کا سر تن سے جدا کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ کٹراؤتھ سنیتا کی شادی تقریباً 10 سے 12 سال قبل کٹراؤتھ بلرام سے ہوئی تھی، اور اس جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شوہر کے ذہنی مسائل کے پیشِ نظر گاؤں کے بزرگوں نے ایک پنچایت میں یہ فیصلہ طے کروایا تھا کہ خاتون اور بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیڑھ ایکڑ زرعی زمین سنیتا کے نام منتقل کی جائے۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
تاہم، زمین کی یہ منتقلی سسرال کے دیگر افراد کو سخت ناگوار گزری۔ حالیہ دنوں میں جب سنیتا اس متنازعہ زمین کا جائزہ لینے کے لیے گئی تو سسرالیوں نے اسے راستے میں روک لیا، زبردستی گھر لے گئے اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر کے اس کا سر کاٹ ڈالا۔
مقتولہ کے والد والیا نائیک کی مدعیانہ شکایت پر پولیس نے چار افراد مانیا نائیک، پانڈو نائیک، پاروتی اور مانکیا نائیک کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پلنگانہ پولیس نے مقتولہ کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ تمام فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
