اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیمرہ والے اسمارٹ گلاسز کی درآمد پرپابندی کی تجویز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ملکی معیشت، دفاعی گرانٹس اور مختلف منصوبوں سے متعلق 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم’ کے ٹیئرز اور بینک ریٹ میں ترمیم کی تجویز زیر غور آئے گی۔
اس کے علاوہ کفایت شعاری مہم سے حاصل ہونے والی بچت کو ‘وزیراعظم آسٹیریٹی فنڈ 2026’ میں منتقل کرنے کی منظوری کا امکان ہے۔
دفاعی سروسز کے منظور شدہ منصوبوں اور ‘پروجیکٹ استقلال’ کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ پر غور ہوگا۔
ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے 37 لاکھ کی گرانٹ اور وی وی آئی پی فلیٹ میں ‘لینیج ایل 1000’ طیارے کی شمولیت کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں کیمرے والے اسمارٹ گلاسز کی درآمد پر پابندی کی تجویز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سوئی نادرن گیس کی جانب سے دو کھاد کارخانوں (فاطمہ فرٹیلائزرز اور ایگری ٹیک) کو آپریشنز جاری رکھنے کے لیے گیس فراہمی کا معاملہ زیر غور آئے گا، جبکہ گیس فیلڈز کے 5 کلومیٹر دائرے میں واقع 11 دیہات کی اسکیموں کے لیے گرانٹ کا امکان ہے۔
پارکو محمود کوٹ-فیصل آباد-مچھی کے اور کراچی-محمود کوٹ پائپ لائنز کے ٹیرف پر نظرثانی کی جائے گی۔
اس کے ساتھ وزارتِ آبی وسائل کے منصوبوں کے لیے 275 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ اور پٹرولیم رائٹس کے لیے E&P رولز میں نرمی کی تجویز بھی شامل ہے۔

