محکمہ ایکسائز لاہور میں گاڑیوں کی غیر قانونی منتقلی کا بڑا معاملہ سامنے آگیا، جہاں ساڑھے 4 ہزار سے زائد گاڑیاں مالکان کی بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر خریداروں کے نام منتقل کر دی گئیں۔
انکوائری کے مطابق 11 افسران نے گاڑی مالکان کی عدم موجودگی اور بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر گاڑیاں نئے خریداروں کے نام ٹرانسفر کیں۔ حیران کن امر یہ ہے کہ متعدد گاڑی مالکان اپنی گاڑیوں کی منتقلی سے بھی لاعلم نکلے۔
محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے رکھی ہے۔
معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ایکسائز نے 3 موٹر رجسٹریشن اتھارٹی (ایم آر اے) افسران اور 8 انسپکٹرز سمیت مجموعی طور پر 11 اہلکاروں کو چارج شیٹ کر دیا اور ان کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔
ڈائریکٹر ایکسائز بہاولپور چوہدری آصف کو انکوائری کرکے فوری رپورٹ سیکرٹری ایکسائز کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ملوث افسران اور انسپکٹرز کو فوری طور پر اپنے جوابات جمع کروانے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

