جنوبی وزیرستان :افغانستان سے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی پر افغان طالبان پوسٹیں چھوڑکربھاگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کی بارڈر پوسٹوں سے پاکستان کی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی موثر اور بھرپور کارروائی کے بعد افغان طالبان اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے دشمن کی حماقت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا۔ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے متعدد افغان سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں افغان طالبان فرار ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر آفس کا کہنا تھا کہ فی الحال سرحدی علاقوں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سرحدی حدود میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور پاکستانی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور فوری جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

