پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مردہ اور غیر معیاری گوشت کی ترسیل ناکام بناتے ہوئے بڑی کارروائی کے دوران 900 کلو مضر صحت گوشت تلف کر دیا، جبکہ سپلائر گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر کوٹ لکھپت میں کیے گئے آپریشن کے دوران ایک بیف شاپ سے مضر صحت گوشت برآمد کر کے موقع پر تلف کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے بتایا کہ گوشت سے شدید بدبو آ رہی تھی، اس کی رنگت تبدیل ہو چکی تھی اور یہ لمپی بیماری کا شکار جانوروں کا گوشت پایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی طور پر بیمار جانور ذبح کر کے ان کا گوشت فروخت کے لیے تیار کیا جا رہا تھا، جبکہ ویٹرنری اسپیشلسٹ نے معائنے کے بعد گوشت کو انسانی استعمال کے لیے مضر صحت قرار دیا، جس پر اسے تلف کر دیا گیا۔

