پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
سندھ کے ضلع کراچی شرقی سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا۔ نیشنل ای او سی نے پولیو کیس کی تصدیق کرتے ہوئے تفصیلات جاری کر دیں۔
این ای او سی کے مطابق سال 2026 میں اب تک پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی۔ رواں سال رپورٹ ہونے والے 7 پولیو کیسز میں سے 5 خیبر پختونخوا اور 2 سندھ سے ہیں۔ کراچی میں پولیو کا آخری کیس دسمبر 2024 میں رپورٹ ہوا تھا۔ پولیو لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے بچاؤ ممکن ہے۔ انسدادِ پولیو کی قومی مہم 2 سے 8 نومبر 2026 تک منعقد کی جائے گی۔ کراچی کے تمام اضلاع سمیت ملک کے 97 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد ہو گا ۔
5 سال سے کم عمر 2 کروڑ 39 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ والدین بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، پولیو ویکسین کے ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروائیں۔ معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں ۔

