• Home  
  • مریم نواز کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا 37واں اجلاس، متعدد اہم منظوریاں
- پاکستان

مریم نواز کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا 37واں اجلاس، متعدد اہم منظوریاں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 37واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صنعتی ترقی، برآمدات کے فروغ، زرعی میکانائزیشن، ہاؤسنگ، صحت، ٹریفک قوانین اور سرکاری محکموں میں بھرتیوں سمیت متعدد اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں جام شہادت نوش کرنے والے افسران اور جوانوں کے درجات کی […]

مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 37واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صنعتی ترقی، برآمدات کے فروغ، زرعی میکانائزیشن، ہاؤسنگ، صحت، ٹریفک قوانین اور سرکاری محکموں میں بھرتیوں سمیت متعدد اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں جام شہادت نوش کرنے والے افسران اور جوانوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی، جبکہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی خوشدامن کے ایصال ثواب کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔

اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب انڈسٹریل اینڈ ایکسپورٹ پروگرام (پیوٹ) پیش کیا، جس کے مختلف فیچرز کی منظوری دے دی گئی۔ پروگرام کے تحت صنعتی انفراسٹرکچر، کلسٹر ڈویلپمنٹ، مسابقتی برآمدات، ویلیو چین ٹرانسفارمیشن، زراعت اور لائیوسٹاک میں جدید مشینری کے استعمال، سولر تنصیبات، ہنرمندی کے فروغ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیا جائے گا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیوٹ پروگرام کے ذریعے پنجاب میں مجموعی طور پر ایک ہزار 995 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس میں ایک ہزار 89 ارب روپے سرکاری جبکہ 906 ارب روپے نجی شعبے کی جانب سے سرمایہ کاری شامل ہے۔ پروگرام سے ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

پروگرام میں ای بزنس، ای کامرس، گارمنٹس، پلگ اینڈ پلے سہولتوں، لیدر، فٹ ویئر، کھیلوں کے سامان کی ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن، کٹلری، ہاٹ ٹولز اور سیرامکس کی صنعتوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پنکھوں کی صنعت کے لیے میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے، ہارٹی کلچر اور فلوری کلچر کی برآمدات کے لیے فنانسنگ، آلو اور آم کی ویلیو ایڈیشن اور زرعی پراسیسنگ پارکس کے قیام کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

بریفنگ کے مطابق سرگودھا، خانیوال، اوکاڑہ اور بھکر میں زرعی پراسیسنگ پارکس بنائے جائیں گے، جبکہ گندم، گوشت اور دودھ کی ویلیو چین بہتر بنانے کے منصوبے بھی پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ سیاحت، ایکوا فارمنگ اور مقامی و عالمی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کو بھی پیوٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پنجاب کے 20 اضلاع میں ہارٹی کلچر اتھارٹیز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

زرعی شعبے کے لیے اربوں روپے کی سبسڈی

پنجاب کابینہ نے چیف منسٹر گرین ٹریکٹر پروگرام کے ہائی پاور فیز فائیو کے لیے سبسڈی اور رجسٹریشن پر عائد لیٹ فیس معاف کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ 10 ہزار ٹریکٹرز پر پنجاب حکومت 9 ارب 50 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔

بریفنگ کے مطابق گزشتہ 20 برسوں میں 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے گئے، جبکہ موجودہ ڈھائی سالہ دور میں 44 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اسی عرصے میں زرعی میکانائزیشن پر اخراجات 3 ارب روپے سے بڑھ کر 15 ارب روپے تک پہنچ گئے، جبکہ 25 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں تک پہنچ چکے ہیں۔

کابینہ نے تھل میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کے لیے بھی سبسڈی کی منظوری دی۔ منکیرہ اور لیہ میں 10 ہزار ایکڑ زرعی اراضی کو ڈرپ ایریگیشن پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ سولر پاور، واٹر اسٹوریج اور دیگر سہولتوں کے لیے 7 ارب 60 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ گرین ٹریکٹر پروگرام کے لو پاور فیز فور کے تحت مزید 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کرنے کے لیے بھی سبسڈی منظور کی گئی۔

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 40 ہزار قرضے

پنجاب کابینہ نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی بھی منظوری دے دی۔ پروگرام کے تحت 60 ارب روپے کے ذریعے بینک آف پنجاب 40 ہزار قرضے فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پروگرام میں اسٹیمپ ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔

اجلاس میں ہسپتالوں کے طبی آلات کو فعال بنانے کے لیے درکار واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا گیا، جبکہ محکمہ اسپیشل ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ضروری واجبات کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے گلگت بلتستان کو چھ اور آزاد جموں و کشمیر کو 15 کلینک آن ویلز گاڑیاں عطیہ کرنے کی منظوری بھی دی۔

ٹریفک جرمانوں میں اضافے کی منظوری

پنجاب کابینہ نے پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت ٹریفک جرمانوں میں ترامیم کی منظوری دے دی۔ اوور اسپیڈنگ، پیدل کراسنگ اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں کئی گنا اضافہ کیا جائے گا۔

سرکاری محکموں میں بھرتیوں کی منظوری

اجلاس میں ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایجنسی کی مجموعی طور پر 3 ہزار 923 آسامیوں پر بھرتی کی پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی میں 17 خالی آسامیوں پر بھرتی کی بھی اجازت دے دی گئی۔

کابینہ نے گلوبل انویسٹمنٹ گیٹ وے کے تحت بھرتیوں کے لیے خصوصی ریکروٹمنٹ کمیٹی بنانے، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی میں بھرتیوں پر پابندی میں نرمی، جبکہ یوتھ افیئرز کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے لیے 70 آسامیاں پیدا کرنے اور منتقل کرنے کی منظوری دی۔

اس کے علاوہ پراونشل انٹیلی جنس فیوژن سینٹر میں 79 آسامیوں، اسپیشل برانچ کے انٹیلی جنس کیڈر میں نئی بھرتیوں اور سکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اسٹریٹجک پراجیکٹ یونٹ میں 16 آسامیوں پر بھرتی کی منظوری بھی دی گئی۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.